حیدرآباد۔/18 فروری، ( سیاست نیوز) ملک میں بڑھتی بیروزگاری کے پس منظر میں نوجوانوں کیلئے ایک ملازمت حاصل کرنا آسان نہیں ہے لیکن ورنگل ضلع سے رکھنے والے رنجیت نے ایک نہیں دو نہیں بلکہ 4 سرکاری ملازمتوں کیلئے منتخب ہوکر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ورنگل ضلع کے سوری پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے وینوگوپال اور ارونا کے بڑے فرزند رنجیت نے انجینئرنگ کے بعد سرکاری ملازمت کیلئے مساعی شروع کی تھی۔ چھ ماہ قبل ریلویز میں ٹیکنیشن کے عہدہ کیلئے اہل قرار پائے جس کے بعد ایکسائیز ڈپارٹمنٹ میں کانسٹبل کی ملازمت حاصل کی۔ حال میں پبلک سرویس کمیشن کے گروپ 4 نتائج میں جونیر اسسٹنٹ کیلئے رنجیت کا انتخاب عمل میں آیا۔ گذشتہ دنوں ٹاؤن پلاننگ آفیسر کے امتحانات کے نتائج میں رنجیت کو منتخب قرار دیا گیا۔ رنجیت فی الوقت ایکسائیز کانسٹبل کی ٹریننگ حاصل کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ٹاؤن پلاننگ آفیسر کے عہدہ پر فائز ہوں گے۔ بیک وقت چار سرکاری عہدوں کیلئے منتخب ہونے پر گاؤں والوں نے رنجیت کو مبارکباد پیش کی۔1