حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ورنگل کی ترقی کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کررہی ہے اور کئی پراجکٹس پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر مال نے ورنگل سے تعلق رکھنے والی ریاستی وزیر کونڈا سریکھا اور حکومت کے مشیر نریندر ریڈی کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے حالیہ دورہ ورنگل کے موقع پر شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے جن پراجکٹس کا آغاز کیا ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر مال نے کہا کہ عوام کی خواہشات اور ورنگل شہر کی ترقی کیلئے درکار امور کی بنیاد پر چیف منسٹر نے کئی وعدے کئے ہیں۔1
انہوں نے کہا کہ تمام پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداروں نے پراجکٹس کی پیش رفت سے ریاستی وزراء کو واقف کرایا۔ ورنگل رنگ روڈ اور قومی شاہراہوں کو مربوط کرنے کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس پر جنگی خطوط پر عمل کیا جائے گا۔ 1