ورنگل کے 215 ایکڑ اراضی پر ہیلت سٹی کا قیام

   

محکمہ صحت کو مستحکم کرنے کے لیے 10 ہزار کروڑ روپئے مختص : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : وزیر صحت تلنگانہ ٹی ہریش راؤ نے ورنگل کو میڈیکل ہب میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کاکتیہ میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد ریاست میں تیزی سے ترقی کرنے والا دوسرا شہر ورنگل ہے ۔ جہاں پر 215 ایکڑ اراضی پر ہیلت سٹی تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے نقشہ تیار ہوگیا ہے ۔ کے ایم سی ، سنٹرل جیل ، ایم جی ایم اور آنکھوں کے دواخانے سے متعلق 215 ایکڑ اراضی پر 2 ہزار بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر سنگ بنیاد رکھ چکے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 1200 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل میں تمام امراض کا علاج کیا جائے گا ۔ مزید 800 بیڈس پر مشتمل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ چیف منسٹر شہر ورنگل کو تعلیم اور طب کے شہر کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت میں ہی طبی نظام مستحکم ہوا ہے ۔ اضلاع میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں طبی نظام کو بہتر بنانے کے لیے 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ تعلقہ سطح پر آئی سی یو ۔ ڈائیلاسیس سنٹرس قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے حکومت کام کررہی ہے ۔ مستقبل میں سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طریقہ کا علاج کیا جائے گا ۔ کے سی آر کٹس کے متعارف کرانے سے سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلیوریز کا رجحان بڑھا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کے لیے آئی ایم اے سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ۔۔ ن