ورون دھون کی فلم بے بی جان کی ریلیز پھر ملتوی

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکار ورون دھون اورکیرتی سریش اسٹارر ایکشن فلم بے بی جان کی ریلیز کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ اس فلم کے متعلق شائقین میں زبردست جوش ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ ورون کے مداحوں کو اس فلم کی ریلیز کے لیے تھوڑا اور انتظارکرنا پڑ سکتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ورون کی فلم بے بی جان کی ریلیز کی تاریخ ملتوی کر دی گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ فلم31 مئی کو ریلیز ہونے والی تھی۔ رپورٹ کے مطابق میکرز نے فلم کو ملتوی کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ فلم کی پروڈکشن اور پوسٹ پروڈکشن کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ بالی ووڈ خبری کی رپورٹ کے مطابق اگست 2023 سے پروڈکشن کا کام جاری ہے اور 75 دن سے زائد کی شوٹنگ مکمل ہونے کے باوجود فلم کو مکمل ہونے میں مزید 10 سے 12 دن لگیں گے۔ تاخیر کی وجہ سے ریلیز کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ میکر اب اس فلم کو جون یا جولائی 2024 میں ریلیز کر سکتے ہیں۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو فلم بنانے والوں نے بے بی جان کے تمام زیر التواء کام کو جلد از جلد مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ فلم کی ٹیم ناظرین کو ایک بہتر تجربہ دینا چاہتی ہے۔ جس کی وجہ سے ٹیم پوری لگن سے اپنا کام کر رہی ہے۔ تاہم اب سوشل میڈیا پر یہ خبریں تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں کہ ورون کی فلم اب پربھاس اور دیپیکا پڈوکون کی فلم کالکی 2898ء کی جگہ لے سکتی ہے۔