وزارت عظمیٰ کیلئے راہول گاندھی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار بننے کے اہل

   


حیدرآباد۔یکم ؍ جنوری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے وزیر اعظم کے عہدہ کیلئے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر راہول گاندھی کے نام کی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے وزارت عظمیٰ کیلئے راہول گاندھی کے نام کی تائید کی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر سیکولر پارٹیوں کو چاہیئے کہ وہ وزارت عظمیٰ کیلئے راہول گاندھی کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 عام انتخابات میں اپوزیشن کے متحدہ مقابلہ کی صورت میں بی جے پی شکست سے دوچار ہوگی اور کانگریس زیر قیادت حکومت تشکیل پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکولر جماعتوں کو متحد ہوکر ملک کو بی جے پی سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی وزارت عظمیٰ کیلئے موزوں اور غیر متنازعہ قائد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے گذشتہ 8 برسوں میں سوائے وعدوں کے عوام کو کچھ نہیں دیا ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں مودی حکومت ناکام ہوگئی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ عوامی مسائل سے واقفیت اور ملک کو نفرت کی سیاست سے بچانے کیلئے راہول گاندھی نے کنہیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک میں راہول گاندھی بی جے پی کے واحد متبادل لیڈر ثابت ہوسکتے ہیں۔ر