حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں جگہ پانے کیلئے کانگریس ارکان اسمبلی نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ پارٹی ہائی کمان کی جانب سے جلد ہی کابینہ میں توسیع کے مسئلہ پر فیصلہ کی اطلاعات کے دوران مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے اجلاسوں کے ذریعہ ہائی کمان پر دباؤ بنانا شروع کردیا ۔ مادیگا طبقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ میں نمائندگی کا مطالبہ کیا گیا۔ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی دہلی کی سطح پر سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اسی دوران راما گنڈم کے رکن اسمبلی راج ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ وہ کابینہ میں شمولیت کی اہلیت رکھتے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راج ٹھاکر نے کہا کہ ان کا تعلق انتہائی پسماندہ طبقہ سے ہے اور وہ پارٹی میں ہر سطح پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ میں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ کی خواہش ظاہر کی تھی۔ کابینہ میں توسیع کی سرگرمیوں کے دوران راج ٹھاکر نے اپنی توجہ ورکنگ پریسیڈنٹ سے ہٹاکر کابینی عہدہ پر مرکوز کردی ہے۔ 1