وزیراعظم ،پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کے موڈ میں نہیں

   

پتی دار احتجاج کے قائد ہاردک پٹیل کا وزیراعظم نریندر مودی پر وار
سلطان پور (یوپی)۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پتی دار قائد ہاردک پٹیل نے آج کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو پلوامہ دہشت گرد حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ 40 سی آر پی ایف فوجی ہلاک اور دیگر 5 زخمی ہوگئے تھے جبکہ جیش محمد پاکستان کے ایک خودکش بم بردار نے اپنی ایک گاڑی جس میں 100 کیلوگرام دھماکو مادے تھے، ان کی بس سے ضلع پلوامہ میں ٹکرا دی تھی۔ ہاردک پٹیل نے کہا کہ میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ وزیراعظم مودی، پاکستان کو اس حملے کا منہ توڑ جواب دینے کے موڈ میں نہیں ہیں، کیونکہ انداز فکر ، پالیسی اور نظریات بالکل مختلف ہیں۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جب محکمہ سراغ رسانی نے اس بڑے سانحہ کے بارے میں جو جموں و کشمیر میں ہونے والا تھا، چوکس کیا تھا، تو سی آر پی ایف ارکان عملہ بذریعہ سڑک کیوں روانہ کئے گئے۔ 2500 سے زیادہ سی آر پی ایف عملہ جن میں سے بیشتر اپنی رخصت کے اختتام پر وادیٔ کشمیر میں اپنی ڈیوٹی پر رجوع ہونے جارہے تھے اور 78 گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں سفر کررہے تھے جبکہ جموں و کشمیر قومی شاہراہ پر یہ سانحہ پیش آیا۔ پلوامہ دہشت گرد حملے پر وزیراعظم مودی نے جمعہ کے دن پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حملے کے ذمہ دار افراد کو اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔ انہوں نے کہا تھاکہ فوج کو وقت، مقام اور حملے کی نوعیت کا کھلا اختیار دیا گیا ہے۔