وزیراعظم مودی بہت بڑے سیلز مین: کانگریس

   

نئی دہلی 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اقتدار پر اِس لئے واپس ہوسکی کیوں کہ وزیراعظم نریندر مودی بہت بڑے سیلز مین ہیں جبکہ کانگریس لوک سبھا چناؤ میں اپنے منصوبوں کو ٹھیک ڈھنگ سے پیش کرنے میں ناکام ہوئی، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے آج یہ بات کہی۔ وہ صدرجمہوریہ کے خطاب پر لوک سبھا میں تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لے رہے تھے۔ اُنھوں نے حکومت اور وزیراعظم مودی پر شدید حملہ چھیڑا جس پر کرسیٔ صدارت نے اُن کے بعض ریمارکس جو غیر پارلیمانی سمجھے گئے، اُن کو ریکارڈ سے حذف کرنے کی ہدایت دی۔ چودھری نے کہاکہ ہمارے وزیراعظم بہت بڑے سیلز مین ہیں۔ ہم کانگریسی ہمارا پراڈکٹ بیچنے سے قاصر رہے، یہی وجہ ہے کہ ہم لوک سبھا انتخابات ہار گئے۔ مرکزی وزیر پرتاپ سارنگی جنھوں نے مباحث شروع کئے، اُن پر چوٹ کرتے ہوئے چودھری نے کہاکہ سارنگی نے مودی کی تعریف و ستائش میں تمام حدیں پار کردیئے، جس پر سرکاری بنچوں سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اُنھوں نے حوالہ دیا کہ کانگریس قائدین اندرا گاندھی کو وزیراعظم رہنے پر ’’بھارت ہی اندرا ، اندرا ہی بھارت‘‘ کا نعرہ لگایا کرتے تھے۔