وزیراعظم مودی کو امارات کا اعلیٰ ترین اعزاز ’آرڈر آف زاید‘دیا گیا

,

   

ابوظہبی ۔ 24 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حکمت عملی کے تعلقات استوار کرنے میں غیرمعمولی طور پر نمایاں رول کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ ترین اعزاز’آرڈر آف زاید‘ دیا گیا۔ قبل ازیں یہ اعزاز دیگر کئی عالمی قائدین کو بھی دیا جاچکا ہے جن میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن ، برطانوی ملکہ الزیبتھ دوم اور چین کے صدر زی جن پنگ بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم مودی نے انہیں اعزاز کی پیشکشی پر حکومت متحدہ عرب امارات سے اظہار تشکر کیا اور اس باوقار اعزاز کو 1.3 عرب ہندوستانیوں کی خدمات ہنر اور صلاحیتوں سے معنون کیا ۔ ابوظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے اس امارت کے قصر صدارت میں منعقدہ ایک شایان شان تقریب میں وزیراعظم مودی کو یہ اعزاز پیش کیا۔ بعد ازاں مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’کچھ دیر قبل بصد عجز و انکسار ی میں نے ’آرڈر آف زاید ‘ ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ اعزاز کسی فرد واحد سے کہیں زیادہ سارے ہندوستان کے تہذیبی اقدار اور 130 کروڑ ہندوستانیوں سے معنون ہے ۔ اس اعزاز کیلئے میں حکومت متحدہ عرب امارات کا شکر گزار ہوں ‘‘۔ مودی کے دورۂ امارات سے قبل وزارت امور خارجہ نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان سے موسوم یہ اعزاز اس لئے بھی خصوصی اور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ امارات میں بطور الف احترام پدر تصور کئے جانے والے شیخ زاید بن سلطان النیہان کے صد سالہ یوم پیدائش کا سال بھی ہے۔

ہندوستان اور بحرین میں مختلف معاہدات پر دستخط
ماناما، 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بحرین نے آج خلائی ٹکنالوجی، شمسی توانائی اور ثقافتی تبادلہ کے شعبوں میں اشتراک سے اتفاق کرتے ہوئے مختلف معاہدات پر دستخط کئے۔ یہ معاہدے وزیراعظم نریندر مودی کی اپنے بحرینی ہم منصب ولیعہد خلیفہ بن سلمان ال خلیفہ کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے سیرحاصل بات چیت کے بعد طے ہوئے۔