وزیراعظم مودی کی 8 اپریل کو مختلف جماعتوں کے فلور لیڈرس سے بات چیت

   

نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی چہارشنبہ 8 اپریل کو 11 بجے دن ویڈیو لنک کے ذریعہ مختلف سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈرس کے ساتھ موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی نے بتایا کہ وزیراعظم ان جماعتوں کے فلور لیڈرس سے بات چیت کریں گے جن کے ارکان کی تعداد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں 5 سے زیادہ ہوگئی۔ پارٹی ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس بات چیت میں ملک میں کورونا وائرس کا بحران اور اس کے زیراثر مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے بعد وزیراعظم مودی کا اپوزیشن کے ساتھ یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ ان کی پارٹی کورونا وائرس پر پارلیمنٹ میں مباحث چاہتی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا لہذا ٹی ایم سی وزیراعظم کے ساتھ اجلاس میں شریک نہیں ہوگی۔