وزیراعظم مودی کے بعد وزیرداخلہ نے بھی اعلان کیا کہ وہ اس سال ہولی کے اجتماعات میں شریک نہیں ہوں گے

,

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ کورونا وائرس پھیلنے کے تناظر میں رواں سال کسی بھی ’ہولی ملن‘ تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے ٹویٹ کیا کہ “ہولی ہم ہندوستانیوں کے لئے ایک بہت اہم تہوار ہے لیکن کورونا وائرس کے تناظر میں میں نے اس سال ہولی ملن کے کسی جشن میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں بھی سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عوامی اجتماعات سے اجتناب کریں اور اپنی اور اپنے کنبہ کا اچھی طرح سے خیال رکھیں۔

اس سے قبل ہی وزیراعظم مودی نے اعلان کرتے ہوئے مہلک وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے بڑے پیمانے پر اجتماعات کو کم کرنے کے ماہرین کے مشورے کا حوالہ دیا تھا۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ دنیا بھر کے ماہرین نے کروونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لئے بڑے پیمانے پر اجتماعات کو کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ لہذا اس سال میں نے ہولی ملن کے کسی بھی پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے آج کہا ہے کہ بھارت میں اب تک مہلک کورونا وائرس کے 28 مثبت واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے پوری دنیا میں 3،000 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ یہ مہلک وائرس جو چین میں پچھلے سال کے آخر میں شروع ہوا تھا ، اب بھی پوری دنیا میں پھیل رہا ہے اور اس نے 80،000 سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔