وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر راہول گاندھی کی تنقید

,

   

چین یا کورونا سے لڑائی کا کوئی ذکر نہیں،کانگریس قائد کا شاعرانہ ٹوئیٹ

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے آج قوم سے خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں چین کے ساتھ سرحد پر جاری تنازعہ اور کورونا وائرس سے لڑائی سے متعلق کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ راہول گاندھی نے اس موقع پر اردو شعر کے ذریعہ حکومت سے استفسار کیا۔
تو ادھر ادھر کی نہ بات کر یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا
مجھے راہزنوںسے گلا نہیں تیری رہبری کا سوال ہے
انہوں نے چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ میں ہندوستان کے بہادر 20 شہریوں کی قربانی پر حکومت کے ردعمل سے متعلق سوال اٹھایا۔ چین کے 59 موبائیل ایپس پر پابندی عائد کرنا کافی نہیں ہے بلکہ اس کے خلاف فیصلہ کن موقف اختیار کرنے اور حقیقی اقدامات کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ گزشتہ تین مہینوں میں کورونا نے ملک کو برباد کردیا ہے اور غریب تباہ ہوگئے ہیں اس لئے حکومت کو غریبوں کی مدد کے لئے ‘نیائے یوجنا’ شروع کرنی چاہئے ۔راہول نے منگل کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ گزشتہ تین مہینوں میں کورونا نے ملک کی معیشت کو تباہ کرکے عوام کو زبردست چوٹ پہنچائی ہے جس سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے ۔ سب سے زیادہ نقصان غریبوں، مزدوروں، درمیانی طبقہ اور نوکری پیشہ لوگوں کو ہوا ہے ۔کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ اس حالت سے نمٹنیکے لئے انہوں نے حکومت کو ‘نیائے ’ جیسی ایک اسکیم نافذ کرنے اور اسے کم از کم چھ مہینہ کے لئے چلانے اور ہر غریب کنبہ کے بینک اکاونٹ میں 7,500روپے مہینہ ڈالنے جیسے تین چار مشورے دے ، لیکن حکومت نے منع کردیا۔ ایک بار نہیں تین چار بار منع کیا اور پیسوں کا نہ ہونا اس کی وجہ بتائی۔ گاندھی نے کہاکہ گزشتہ تین مہینوں میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا ہے اور 22بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہے ۔ پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ تین لاکھ کروڑ روپئے حکومت کے پاس ہیں تو نریندر مودی جی ‘نیائے ’ یوجنا جیسی اسکیم نافذ کیجئے ، چھ مہینہ کے لئے چلائیے اور ہر غریب کنبہ کو 7,500روپے مہینہ دیجیے ۔