وزیردفاع میں ہمت ہے تو آگے بڑھیں ، پاکستان نے چوڑیاں ، نہیں پہن رکھیں :فاروق عبداللہ

   

سرینگر : جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ کشمیر فاروق عبد اللہ نے ہندوستانی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے متنازعہ بیان کے جواب میں کہا ہیکہ پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ایک متنازعہ بیان میں کہا تھا کہ ہندوستان کی ترقی کو دیکھتے ہوئے آزاد کشمیر والے خود ہی پاکستان کے بجائے ہندوستان کے ساتھ شامل ہونے کا مطالبہ کریں گے۔ ہم انہیں ہندوستان میں ضم کرلیں گے۔ جس پر جموں و کشمیر کے متعدد بار وزیراعلیٰ رہنے والے فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو اپنے ساتھ ضم کرنے کی بات کرنے والے ہندوستانی وزیر، اگر ہمت رکھتے ہیں تو آگے بڑھیں اور اپنا دعویٰ مکمل کرکے دکھائیں۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ایسا کرنے سے پہلے انہیں سوچ لینا چاہیے کہ پاکستان نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، اس کے پاس ایٹم بم ہیں اور بدقسمتی سے وہ ہم پر گریں گے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو کہا تھا کہ پاکستان کا آزاد کشمیر دراصل ہندوستان کا حصہ ہے اور ہندوستانی پارلیمنٹ کی اس حوالے سے ایک قرارداد بھی موجود ہے۔