وزیر اعظم مودی پر سے ملک کی عوام کا بھروسہ ختم

   

ملک میں مخالف اور موافق بی جے پی فرنٹ ہی برقرار رہے گا ، کے نانی
حیدرآباد /16 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی پر سے ملک کے عوام کا اعتماد و بھروسہ کبھی کے ختم ہوچکا ہے اور ملک میں مخالف بی جے پی فرنٹ اور موافق بی جے پی فرنٹ ہی رہے گا ۔ نیز تلگودیشم پارٹی قائد و رکن پارلیمنٹ مسٹر کنینی نانی نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ فیڈرل فرنٹ ایک کھچڑی فرنٹ ہوکر رہ جائے گا اور فرنٹ کی جانب سے جگن موہن ریڈی کے ساتھ بات چیت بے فیض ہی رہے گی ۔ رکن پارلیمان تلگودیشم نے کہا کہ آندھراپردیش میں آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں 130 اسمبلی نشستوں پرے بہرصورت تلگودیشم کو کامیابی حاصل ہوگی اور اگر جگن موہن ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخابی مہم میں حصہ لینے کی صورت میں تلگودیشم کو 130 نشستوں کے بجائے 160 نشتوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے بی جے پی کو 130 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل ہوگی اور اس سے زیادہ نشستوں پر کامیابی بی جے پی کیلئے ہرگز ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اپنی سخت تنقید کانشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مودی کے اشاروں پر ہی کام کر رہے ہیں اور انتخابات میں اور اس کے بعد مودی کا ساتھ دینے اور تائید کرنے کیلئے ہی فرنٹ کے نام پر چندر شیکھر راؤ اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مسٹر کے نانی نے کہا کہ مسٹر جگن موہن ریڈی اور کے چندر شیکھر راؤ ملکر آندھراپردیش میں انتخابی مہم اگر چلاتے ہیں تو تلگودیشم اس کا خیرمقدم کرے گی ۔