وزیر اعظم مودی کے خلاف الیکشن کمیشن سے کارروائی کا مطالبہ،سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا کا بیان

   

حیدرآباد۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا (کمیونسٹ ) کے جنرل سکریٹری کامریڈ پرواش گھوش نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پیدا کرنے کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نے انتخابی ریالی میں مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے ہندوستان میں ہندو فسطائی طاقتوں کی حوصلہ افزائی کی کوشش کی ہے۔ مسلمانوں کو درانداز اور زائد بچے رکھنے والے قرار دینا افسوسناک ہے۔ کانگریس برسراقتدار آنے پر ملک کے اثاثہ جات مسلمانوں میں تقسیم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک کے حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ کامریڈ پرواش گھوش نے کہا کہ وزیر اعظم فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ انتخابی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کا بیان انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے لہذا الیکشن کمیشن کو فوری کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے ملک کی تمام جمہوریت پسند طاقتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج منظم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر دباؤبنائیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑے اور وزیراعظم کے خلاف کارروائی کرے۔1