قرض کی حد میں اضافہ اور پولاورم کیلئے فنڈز کی درخواست، ریاست کو خصوصی موقف کا مطالبہ
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ تقریباً 50 منٹ تک جاری رہی اس ملاقات میں جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر توجہ دلائی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے مرکز سے فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی گئی۔ جگن موہن ریڈی نے وزیر اعظم کو تہنیت پیش کرتے ہوئے یادگاری مومنٹو حوالے کیا۔ وزیر اعظم کو یادداشت پیش کرتے ہوئے جن امور کے بارے میں جگن نے نمائندگی کی ان میں مرکز کی جانب سے 32625 کروڑ کی اجرائی کا دیرینہ مطالبہ بھی شامل ہے۔ جگن نے بتایا کہ سابقہ حکومت نے مقررہ حد سے زائد قرض حاصل کیا اور اب جبکہ حکومت معاشی صورتحال کو بہتر بنانا چاہتی ہے مرکز نے قرض کے حصول کی حد مقرر کردی ہے۔ جگن نے قرض حاصل کرنے کی حد میں اضافہ کا مطالبہ کیا اور وزیر اعظم سے اس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ڈسکامس سے آندھرا پردیش کو 6886 کروڑ کے بقایا جات ادا شدنی ہیں۔ جگن نے آندھراے پردیش کو خصوصی موقف کے تیقن پر ہمدردانہ غور کی اپیل کی اور کہا کہ مرکز کی جانب سے وعدوں کی تکمیل کے ذریعہ آندھرا پردیش کی ترقی میں مدد کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے 12 اضلاع کیلئے میڈیکل کالجس کی منظوری پر توجہ دلائی۔ کڑپہ میں تعمیر کئے جارہے اسٹیل پلانٹ کیلئے کوئلے کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ جگن نے وشاکھاپٹنم میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے تعاون کی اپیل کی۔ جگن موہن ریڈی نے مرکز سے آندھرا پردیش کو زیر التواء فنڈز کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے ان مطالبات پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ میں ان مسائل کو پیش کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال جگن موہن ریڈی کی وزیر اعظم سے یہ چوتھی ملاقات ہے۔ جنوری، اپریل اور اگسٹ میں جگن وزیر اعظم سے ملاقات کرچکے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جگن نے کوویڈ کے امکانی خطرہ سے نمٹنے کیلئے آندھرا پردیش حکومت کی تیاریوں سے بھی واقف کرایا اور کہا کہ حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے سابق میں دی گئی نمائندگیوں پر کوئی کارروائی نہ کئے جانے کی شکایت کی۔ جگن نے مرکزی وزیر جنگلات و ماحولیات بھوپیندر یادو سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش کے آبپاشی پراجکٹس کی منظوریوں پر توجہ دلائی۔ر