نئی دہلی: ہندوستان میں دوبارہ حکومت بنانے والے نریندر مودی کو دنیا بھر سے عظیم شخصیات مبارکبادیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی بذریعہ فون نریندر مودی کو مبارکباد دی۔ اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملک مشترکہ طور پر فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔ اس موقع پر نریندر مودی نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک غربت کے خلاف او ر دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں امن وسکون کیلئے ضروری ہے کہ تشدد اور دہشت کے ماحول کو ختم کیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کی نئی حکومت سے تمام زیر التواء مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ مسٹر شاہ ملتان میں ایک افطار دعوت سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان او رپاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے بات چیت کے ذریعہ سلجھایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے او رنریندر مودی دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدہ کیلئے بہت جلد حلف لینے والے ہیں ۔