وزیر اعظم پہلے 8 ہزار کروڑ والا طیارہ بیچیں

   

مودی کے سونا نہ خریدنے کے مشورے پر شنکراچاریہ کا طنز
نئی دہلی ۔12؍مئی ( ایجنسیز)وزیر اعظم نریندر مودی کی سونا نہ خریدنے اور پیٹرول۔ڈیزل کے استعمال میں کمی کی اپیل پر شنکراچاریہ اویمکتیشورانند کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ شنکراچاریہ نے کل کہا کہ حکومت کو عوام سے خرچ میں کمی کرنے کیلئے کہنے سے پہلے اپنے ’8 ہزار کروڑ روپے کے طیارے‘ کو فروخت کر کے کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کا استعمال کرنا چاہیے۔سونبھدر میں اپنی ’گووِشٹ یاترا‘ کے دوران سوامی اویمکتیشورانند نے صحافیوں سے کہا کہ امریکی ڈالر 100 روپے کے قریب پہنچ رہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے کفایت شعاری کے اقدامات کا آغاز اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے ہونا چاہیے۔ دھرم کا کام گھر سے شروع ہونا چاہیے۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے اتوار کے روز عوام سے گزارش کی تھی کہ مغربی ایشیا کے بحران کے پیش نظر فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کا محتاط استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ وہ غیر ضروری بیرون ملک سفر، بیرون ملک چھٹیاں گزارنے اور غیر ملکی شادیوں سے بچیں اور گھریلو سیاحت کو فروغ دیں۔ ملک کے اندر ہی شادیاں کریں تاکہ زر مبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے۔عوام ایک سال تک سونے کی خریداری بھی نہ کریں ۔