وزیر اعظم کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر بڑا روڈ شو منعقد کرنے بی جے پی کی تیاریاں

   

حیدرآباد3جون ۔(سیاست نیوز) شہر میں بی جے پی کے قومی عاملہ کے اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی کی آمد کے موقع پر روڈ شو کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر شہر میں روڈ شو کے علاوہ اجلاس میں 18 ریاستوں کے چیف منسٹرس اور قومی قائدین کی موجودگی سے فائدہ اٹھانے اور اضلاع میں پروگرامس کی منصوبہ بندی بھی جا رہی ہے۔ پارٹی نے عاملہ اجلاس کے دوران سرگرمیوں کیلئے 30 کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جو کہ قومی ارکان عاملہ کی نگرانی میں کام کریںگی۔ بتایاجاتا ہے کہ وزیر اعظم کی حیدرآباد آمد پر ان کا شاندار استقبال اور روڈ شو کے راستوں کا جائزہ لیا جا رہاہے علاوہ ازیں 18چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء کی موجودگی میں مختلف پروگرامس کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ تین روزہ اجلاس میں قومی و ریاستی امور کے علاوہ صدارتی انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائیگا۔ پی جے پی قائدین کا جو تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور کانگریس کوکمزور کرنے کوشاں ہیں کہناہے کہ اضلاع میں ان چیف منسٹرس کے دورے کروائے جائینگے اور پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ تین روزہ قیام کے دوران نریندر مودی تلنگانہ کی سرکردہ شخصیات بالخصوص سرمایہ کاروں‘ صنعتکاروں ‘ وکلاء کے علاوہ دیگر سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں اور بی جے پی ان کی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہے۔م