وزیر اعظم کے دورہ کے خلاف سی پی آئی کا احتجاج

   

’مودی واپس جاؤ‘ کے نعرے ’ مخدوم بھون سے احتجاجی ریلی
حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی دورہ تلنگانہ کے خلاف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) ریاستی یونٹ کی جانب سے ’ مودی واپس جاؤ ‘ کے نعروں کے ساتھ شہر میں ایک احتجاجی ریلی منظم کی گئی ۔ سی پی آئی نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام رہے ہیں۔ خاص طور پر تنظیم جدید قانون میں جو وعدے کئے گئے تھے انہیں پورا نہیں کیا گیا ہے اس لئے مودی کو تلنگانہ میں قدم رکھنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ سیاہ شرٹس ذیب تن کئے اور سیاہ پرچم تھامے ہوئے سی پی آئی قائدین نے پارٹی قومی سکریٹری کے نارائنا کی قیادت میں مخدوم بھون حمایت نگر سے ایک ریلی کا اہتمام کیا ۔ تاہم پولیس نے ریلی کو درمیان ہی میں روک دیا اور قائدین کو حراست میں لے لیا ۔ مسٹر کے نارائنا نے کہا کہ قومی مانیٹائزیشن اسکیم کے تحت وزیر اعظم عوامی شعبہ کے کئی اداروں کو بند کر رہے ہیں اور انہیں اپنے دوست کارپوریٹ حلقوں کے حوالے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال گذرنے کے باوجود بھی وزیر اعظم تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت نہ صرف ریاستوں کے اختیارات پر ڈاکہ ڈال رہی ہے بلکہ مخالف عوام پالیسیوں پر عمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے کئے جانے والے آمرانہ اور غیرمنطقی فیصلوں کی وجہ سے ملک کے عوام کو کو بے تحاشہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ چونکہ وزیر اعظم عوامی خواہشات کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں اس لئے ہم ان کے دورہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔