وزیر اعظم کے گھمنڈ نے جوان کو کسان کیخلاف کھڑا کردیا

,

   

کسانوں کے احتجاج پر راہول اور پرینکا کا ردعمل

نئی دہلی۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسانوں کو دہلی آنے سے روکنے کے لئے فوج کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ’جئے جوان جئے کسان‘ نعرہ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے کسان اورجوان کو آمنے سامنے کردیا ہے۔ راہول گاندھی نے دہلی جانے پر بضد ایک کسان کی فوج کے جوان کے ہاتھوں پٹائی کی تصویر ٹوئٹ کی ہے اور کہا ہے کہ کسان کے خلاف کھڑے فوجی کی یہ تصویر انتہائی افسوسناک ہے۔راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ یہ ’’انتہائی افسوسناک تصویر۔ ہمارا نعرہ تو’جئے جوان جئے کسان‘ تھا لیکن آج وزیر اعظم مودی کے گھمنڈ نے جوان کو کسان کے خلاف کھڑا کردیا۔ یہ بہت خطرناک ہے۔ ‘‘وہیں پرینکا واڈرا نے کہا ’’بی جے پی حکومت میں ملک کا نظام دیکھیں۔ جب بی جے پی کے کھرب پتی دوست دہلی آتے ہیں تو ان کیلئے سرخ قالین بچھایا جاتا ہے۔ لیکن کسانوں کے دہلی آنے کا راستہ کھودا جارہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کے خلاف قانون بنائے، وہ ٹھیک ، لیکن سرکار کو اپنی باتیں سنانے کسان دہلی آئے تو وہ غلط”۔ مرکزی حکومت کے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے کسان ہفتہ کی صبح سنگھو بارڈر پر جمع ہوئے اور میٹنگ کی۔ اس میں انہوں نے احتجاج کے لئے شمالی دہلی میں جگہ متعین کرنے کے باوجود سرحد پر ہی احتجاجی مظاہرہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ٹکری بارڈر پر موجود کسانوں کا بھی احتجاج جاری ہے۔