وزیر زراعت کا زرعی قوانین واپس لانے کااشارہ

   

نئی دہلی: بی جے پی کے مختلف لیڈران وقتاً فوقتاً یہ اعلان کرتے رہتے ہیں کہ زرعی قوانین کو واپس لایا جائے گا لیکن اس مرتبہ خود مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر نے اس طرح کا عندیہ دیا ہے کہ وہ ان قوانین کو مستقبل میں واپس لائیں گے۔ مہاراشٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے نریندر تومر نے کہا کہ گزشتہ مہینے حکومت کی جانب سے واپس لئے گئے قوانین کو پھر واپس لایا جا سکتا ہے۔ اس دوران وزیر زراعت نے متنازعہ قوانین کی واپسی کیلئے کچھ لوگوں کو قصوروار قرار دیا۔وزیر زراعت نے کہا کہ ’’ہم زرعی ترمیمی قوانین لائے، لیکن کچھ لوگوں کو یہ قوانین پسند نہیں آئے۔ یہ آزادی کے 70 سال بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایک بہترین اقدام تھا لیکن حکومت مایوس نہیں ہے۔ ہم ایک قدم پیچھے ہٹے ہیں، ہم پھر آگے بڑھیں گے کیونکہ کسان ہندوستان کی شہ رگ ہیں۔‘‘