موسمی بیماریوں کے علاج کی سہولتوں کا جائزہ،بارش کے پیش نظر ڈاکٹرس کو چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے آج حیدرآباد میں گاندھی ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے موسمی بیماریوں سے نمٹنے کیلئے علاج کی موثر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت نے دونوں دواخانوں کے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ بارش کے پیش نظر علاج کے سلسلہ میں زیادہ چوکسی اختیار کریں کیونکہ عام طور پر بارش کے بعد موسمی امراض کی شرح میں اضافہ درج کیا جاتا ہے۔ وزیر صحت کے اچانک دورہ کی اطلاع ملتے ہی پرنسپل سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر کرسٹینا چونگٹو اور ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر وانی دیگر عہدیداروں کے ساتھ گاندھی ہاسپٹل پہنچ گئے۔ انہوں نے موسمی بیماریوں کے علاج کیلئے قائم کئے گئے خصوصی وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیر صحت نے گاندھی ہاسپٹل کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجکماری سے ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر صحت نے ہاسپٹل کے دیگر عہدیداروں اور ڈاکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ بعد میں آؤٹ پیشنٹ بلڈنگ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے علاج کے علاوہ دیگر سہولتوں کے بارے میں مریضوں سے تفصیلات حاصل کیں اور عہدیداروں کو برسر موقع ہدایات جاری کیں۔ وزیر صحت نے سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ ہاسپٹل میں مریضوں کے اٹینڈرس کیلئے بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا جائے۔ دامودھر راج نرسمہا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جنم گاندھی ہاسپٹل میں ہوا ہے، میں گاندھی اور عثمانیہ ہاسپٹل پہنچنے والے مریضوں کو اپنے افراد خاندان کے طور پر دیکھتا ہوں۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں لیکن اپوزیشن پارٹیاں غیر ضروری الزام تراشی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ عرصہ میں ڈاکٹرس کے تبادلے عمل میں لائے ہیں اور زائد عرصہ تک کام کرنے والے ڈاکٹرس کا دیگر ہاسپٹلس کو تبادلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس کے تحفظ سے متعلق اقدامات کے بارے میں14 ستمبر سے قبل مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس کیلئے عنقریب ہاسٹل کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ بجٹ میں 79 کروڑ ہاسٹل کی تعمیر کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیر صحت نے وہاں سے کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں مریضوں کیلئے خصوصی وارڈس کا معائنہ کیا۔ مریضوں نے ہاسپٹل میں دی جارہی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر صحت نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ موسمی امراض کے مریضوں کے موثر علاج پر توجہ مرکوز کی جائے اور عوام میں شعور بیداری کے ذریعہ امراض کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر صحت نے کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں مزید سہولتوں میں اضافہ کا تیقن دیا۔1