وزیر فینانس ٹی ہریش راو سڑک حادثہ میں محفوظ

,

   

قافلہ کی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ وزیر موصوف کی کار تباہ ۔ دو ڈرائیورس معمولی زخمی
حیدرآباد۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راو آج ایک حادثہ میں محفوظ رہے جب ان کے قافلہ کی کاروں میں ٹکراو ہوگیا اور پائلٹ گاڑی کے ڈرائیور نے سڑک پر موجود جنگلی سوروں کو ٹکر مارنے کے بعد اچانک بریک لگادیا ۔ یہ حادثہ سدی پیٹ کے قریب راجیو راہداری پر ناگولابند کے مقام پر پہش آیا ۔ اچانک بریک کی وجہ سے کئی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ ٹکر کھانے والی گاڑیوں میں وہ گاڑی بھی شامل تھی جس میں ہریش راو سوار تھے ۔ وزیر موصوف اس حادثہ میں محفوظ رہے تاہم دو ڈرائیورس کو معمولی زخم آئے ۔ ہریش راو کی گاڑی Kia SUV حادثہ میں بری طرح تباہ ہوگئی ۔ ہریش راو حادثہ کے فوری بعد کار سے اتر آئے اور انہوں نے زخمی ڈرائیورس کو تسلی دی ۔ انہوں نے ایمبولنس طلب کی اور زخمیوں کو حیدرآباد منتقل کروایا ۔ وزیر موصوف پولیس عملہ کو متاثرہ گاڑیاں کو راستہ سے ہٹانے اور ٹریفک کے بہاو کو یقینی بنانے کی ہدایتیں بھی دے رہے تھے ۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں سے کہا کہ وہ جنگلی سوروں کو روڈ سے ہٹائیں۔ وزیر موصوف ایکل اور کار میں ‘ جو عہدیداروں نے فراہم کی تھی ‘ حیدرآباد روانہ ہوگئے ۔ ہریش راو ضلع کلکٹریٹ اور پولیس کمشنریٹ کے افتتاحی پروگرامس میں شرکت کے بعد شہر واپس ہو رہے تھے ۔ انہوں نے ایک بیان میں اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ وہ محفوظ ہیں اور وہ ایک اور گاڑی سے حیدرآباد جا رہے ہیں۔