وزیر لیبر ملا ریڈی اور رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کورونا سے متاثر

,

   

دونوں ہوم کورنٹائن، رکن اسمبلی کے افراد خاندان بھی کورونا کا شکار
حیدرآباد۔ سیاسی قائدین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر لیبر ملا ریڈی اور ایل بی نگر اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزیر ملا ریڈی کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آنے کے بعد وہ ہوم آئسولیشن میں جاچکے ہیں۔ ڈاکٹرس کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ان کی حالت مستحکم ہے۔ دوسری طرف ایل بی نگر کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی نے خرابی صحت کے بعد کورونا ٹسٹ کروایا جو پازیٹیو نکلا۔ سدھیر ریڈی اور ملا ریڈی کے افراد خاندان اور ان سے ملاقات کرنے والے قریبی افراد کا بھی ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن اسمبلی کی اہلیہ ، دو فرزندان اور گھر میں کام کرنے والے ملازم بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ رکن اسمبلی اور ان کے ارکان خاندان کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ریاستی وزیر محمد محمود علی، ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے۔ برسراقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے8 ارکان اسمبلی کورونا سے متاثر ہوئے ان میں نظام آباد کے 3 ، جنگاؤں اور ملکاجگیری کے علاوہ دیگر علاقوں کے ارکان اسمبلی شامل ہیں۔سیاسی قائدین بالخصوص وزراء اور عوامی نمائندوں میں کورونا کے پھیلاؤ سے دوسرے وزراء اور عوامی نمائندے سخت چوکسی اختیار کررہے ہیں۔ عوام میں کھلے عام گھومنے اور تقاریب میں شرکت سے گریز کیا جارہا ہے۔ اب تک جن وزراء اور ارکان مقننہ کو کورونا نے متاثر کیا ان کے افراد خاندان اور اسٹاف ممبرس بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔