وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا آر ٹی سی بس میں سفر، مسافرین سے بات چیت

   

آر ٹی سی ہڑتال سے دستبرداری کا خیرمقدم ، ہر ماہ آر ٹی سی کو 300 کروڑ کی ادائیگی
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج سدی پیٹ میں آر ٹی سی بس میں سفر کرتے ہوئے مسافرین سے ملاقات کی اور آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ پونم پربھاکر نے ٹول گیٹس سے سدی پیٹ کلکٹریٹ تک کریم نگر ڈپو کی آر ٹی سی بس میں سفر کرتے ہوئے کنڈکٹر اور ڈرائیور سے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے سبب حکومت کی اپیل پر آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے دستبرداری خوش آئیند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی کو مستحکم کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ پونم پربھاکر نے تیقن دیا کہ آر ٹی سی ملازمین اور ورکرس کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ ریاستی وزیر نے مسافرین بالخصوص خواتین اور طالبات سے مہا لکشمی اور دیگر اسکیمات کے بارے میں سوالات کئے ۔ خواتین نے مفت سفر کی سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین کے لئے حکومت کی دیگر اسکیمات قابل ستائش ہے۔ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرتے ہوئے حکومت مساوی رقم آر ٹی سی کو جاری کر رہی ہے۔ پونم پربھاکر نے طالبات سے ان کی تعلیم اور مستقبل کے منصوبوں پر سوال کیا۔ پربھاکر نے بتایا کہ حکومت آر ٹی سی کو ہر ماہ 330 کروڑ روپئے ادا کر رہی ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے آر ٹی سی کو نظر انداز کردیا تھا ۔ کانگریس حکومت نے نئی بسوں کی خریدی کے ذریعہ مسافرین کو زائد سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسافرین نے آر ٹی سی ہڑتال سے دستبرداری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ بسوں کی تعداد میں اضافہ سے عوام کو سہولت ہوگی۔1