وشاکھاپٹنم رکن پارلیمنٹ کے افراد خاندان کے اغواء کا معمہ حل

   

چار ملزمین کی گرفتاری
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں وشاکھاپٹنم کے رکن پارلیمنٹ ایم وی وی ستیہ نارائنا کی اہلیہ اور فرزند کے اغواء اور رہائی کے معاملہ نے رکن پارلیمنٹ کو راحت کی سانس لینے کا موقع دیا ہے۔ بھاری رقومات وصول کرنے کے مقصد سے مجرموں کی ایک ٹولی نے رکن پارلیمنٹ کی اہلیہ جیوتی اور فرزند کے علاوہ آڈیٹر جی وینکٹیشور راؤ کا گھر سے اغواء کرلیا اور 50 کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے 17 ٹیموں کو تشکیل دیا اور اغواء معاملہ کا خاتمہ کرتے ہوئے چار ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اغواء کی سازش کا اہم ملزم ہیمنت فرار ہے۔ رکن پارلیمنٹ ایم وی وی ستیہ نارائنا جو حیدرآباد میں مقیم ہیں، اہلیہ اور فرزند کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی ٹولی نے وشاکھاپٹنم کے ریشی کنڈہ میں رکن پارلیمنٹ کے مکان میں جبراً داخل کرتے ہوئے دو ارکان خاندان کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کی فوری کارروائی کے نتیجہ میں اغواء کنندگان کو بچالیا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حکومت اور برسر اقتدار پارٹی کے قائدین میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کی اہلیہ جیوتی اور فرزند چندو اپنی قیامگاہ میں تھے کہ اچانک حملہ آوروں نے گھر پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے بھاری رقم کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین کے روڈی شیٹر ہیمنت سے قریبی روابط ہیں۔ اسی دوران چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ر