وشاکھاپٹنم کے پولیس اسٹیشن میں روبوٹ کانسٹبل

,

   

عوام سے دوستانہ انداز میں بات چیت ، شکایت کی وصولی اور مسئلہ کی یکسوئی
وشاکھاپٹنم۔/20 نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام) آندھرا پردیش کے پولیس اسٹیشنوں میں بہت جلد روبوٹ پولیس کی تعیناتی پر تجربہ کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس طرح اب اگر آپ کوئی شکایت درج کروانے کسی پولیس اسٹیشن جانا چاہتے ہیں اور وہاں کام کے بوجھ سے پریشان حال اور خشک مزاج پولیس والے سے ڈانٹ خوف کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ پولیس اسٹیشن پہنچتے ہی وہاں ایک روبوٹ ٹہرا نظر آئے گا جو پوری خوش اخلاقی کے ساتھ نہ صرف مسکراتا نظر آئے گا بلکہ دوستانہ انداز میں آپ کی شکایات کی وصولی کے بعد تحریری شکایت بھی قبول کرے گا۔ اپنی نوعیت کے پہلے روبوٹ سائبیرا سائبر سیکورٹی روبوٹک ایجنٹ کو پائلٹ پراجکٹ کے تحت سب سے پہلے تعیناتی کیلئے وشاکھاپٹنم کے مہارانی پیٹا پولیس اسٹیشن کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔یہ روبوٹ ہر شکایت گذار کی تصویر کشی کرے گا اورشکایت وصول کرنے کے بعد متعلقہ پولیس افسر کا موبائیل فون نمبر فراہم کرے گا تاکہ اس پر پیشرفت کے بارے میں ان سے معلومات حاصل کی جاسکیں۔ اس طریقہ کار کے ذریعہ امید ظاہر کی گئی ہے کہ دو یا تین دن میں مسئلہ کا حل ممکن ہوگا۔ وشاکھاپٹنم پولیس کمشنر آر کے مینا نے تجویز پیش کی کہ روبوٹ سے ایک اسکیانر مربوط کردیا جائے تاکہ عوام اپنی تحریری شکایت کی اسکیاننگ کرسکیں۔