وظیفہ پر سبکدوشی سے عین قبل عہدیدار کو اضافی ذمہ داری، محکمہ کی ساکھ متاثر، سم کارڈ اسکام کی تحقیقات کے بجائے نیا عہدہ

   

حیدرآباد۔17۔اگسٹ(سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی میں دھاندلیوں کے مرتکب عہدیداروں کو محکمہ اقلیتی بہبود کے دیگر اداروں میں عین وظیفہ پر سبکدوشی سے قبل دی جانے والی اضافی ذمہ داریاں محکمہ کی ساکھ متاثر کرنے کا سبب بن رہی ہیں ۔ حج 2025 کے دوران ’’سم کارڈ‘‘ اسکام کے معاملہ اور حج کمیٹی کے ذریعہ لاکھوں روپئے مالیت کے فون خریدنے اورجاریہ ماہ کے اواخر میں وظیفہ پر سبکدوشی کے باوجود ایک سال کے فون ریچارج کروانے کے ساتھ ساتھ حج کمیٹی کے عملہ کو یونیفارم کی سلوائی کے معاملہ میں کی جانے والی دھاندلیوں کے ذمہ دار عہدیدار کے خلاف تحقیقات کے بجائے انہیں تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے ڈائریکٹر سیکریٹری کے عہدہ پر فائز کئے جانے پر حیرت کا اظہار کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حج2025 کے دوران’سم کارڈ‘ معاملہ میں تحقیقات کے آغاز کے بجائے محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے مزید ایک ادارہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ ان کی وظیفہ پر سبکدوشی کے لئے اب محض چند یوم رہ گئے ہیں ۔ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے ڈائریکٹر سیکریٹری کے عہدہ پر محمد اسداللہ کو زائد ذمہ داری دی گئی تھی جنہیں تلنگانہ ہائی کورٹ نے چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدہ سے ہٹانے کے احکام جاری کئے تھے اور محکمہ اقلیتی بہبود نے ان کی خدمات محکمہ مال کو واپس کرتے ہوئے انہیں تمام عہدوں سے ہٹادیا تھا ۔ محمد اسداللہ کو ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی سے ہٹائے جانے کے بعد ان کی جگہ اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کو زائد ذمہ داری دیئے جانے کے احکام جاری کئے گئے اور ان احکامات کی اجرائی کے ساتھ ہی انہوں نے عجلت میں اپنی اضافی ذمہ داریوں کوجائزہ حاصل کرلیا ہے ۔ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی میں جاری دھاندلیاں بالخصوص تقررات کے معاملوں کے علاوہ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے اور انہیں ترقیاں دینے کے امور کی باضابطہ تحقیقات کے بجائے بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے عہدیدارکو ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے اردو اکیڈیمی میں موجود نااہل عہدیداروں کو بدعنوانیوں کو ہوا دینے کا موقع فراہم کیا جار ہاہے ۔ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کوتلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کی طرح بدعنوانیوں کا شکار بننے سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود اپنے احکامات کا از سرنو جائزہ لیتے ہوئے کسی قابل اور اہل عہدیدار کو ڈائریکٹر سیکریٹری اردو اکیڈیمی کی ذمہ داری تفویض کرے۔3