وقار آباد میں ٹی آر ایس کارکن کا بہیمانہ قتل

   

حیدرآباد ۔ /2 جنوری (سیاست نیوز) وقار آباد علاقے میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں ٹی آر ایس کارکن کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب 55 سالہ وی پرساد راؤ جو ٹی آر ایس کارکن تھا ممباپور ویلیج وقار آباد میں 40 ایکر اراضی کا مالک تھا اور اپنے پڑوس کی اراضی کے مالک شیوا ریڈی سے پلاٹ کی حد بندی کو لیکر تنازعہ چل رہا تھا ۔ پرساد راؤ نے کل اپنے پلاٹ میں بورویل دلایا جس پر شیوا ریڈی نے اعتراض کیا اور اس کے پلاٹس سے بالکل متصل مقام پر بورویل کی کھدوائی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ اسی دوران دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی جس کے نتیجہ میں شیوا ریڈی کے قریبی رشتہ دار گوردھن ریڈی بھی اس جھگڑے میں شامل ہوگیا اور بعد ازاں شیوا ریڈی اور گوردھن ریڈی نے ملکر پرساد راؤ پر لاٹھیوں اور پتھروں سے اچانک وار کردیا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تانڈور رام چنروڈو نے کہا کہ اراضی کی حد بندی اور بورویل کی کھدوائی کے مسئلہ پر یہ قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔