مسجد ریلوے اسٹیشن نظام آباد کے بیت الخلاء کی صفائی کرنے والا شخص 8 سال سے مشاہرہ سے محروم
حیدرآباد۔9۔مارچ۔(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ راست زیر انتظام مساجد و جائیدادوں کے تحفظ کا متحمل نہیں ہے یا عہدیداروں کی جانب سے بورڈ کے راست زیر انتظام اداروں کو تباہ کرنے میں تعاون کیا جا رہا ہے ! تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے زیر انتظام مسجد ریلوے اسٹیشن نظام آباد میں بیت الخلاء کی صفائی کا کام انجام دینے والے شخص کا مشاہرہ گذشتہ 8برس سے ادا نہیں کیا گیا اور 6ماہ سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود اس وسیع و عریض مسجد کا برقی بل ادا نہیں کیا جاسکا ہے جبکہ اس مسجد کے تحت موجود جائیدادوں سے وقف بورڈ کو مناسب آمدنی حاصل ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود مسجد کے اخراجات کے لئے بورڈ کی جانب سے ادائیگیوں کے معاملہ میں کی جانے والی کوتاہی وقف بورڈ کے عہدیداروں کی بورڈ کے زیر انتظام مساجد و اداروں سے لاپرواہی کا ثبوت ہے۔ مسجد اسٹیشن بازار نظام آباد کی مسجد کے برقی بقایاجات کی عدم ادائیگی کے سبب گذشتہ سال بھی محکمہ برقی کی جانب سے مسجد کی برقی سربراہی کو منقطع کیا گیا تھا اور اب جو صورتحال ہے اس کے متعلق مصلیان مسجد و محکمہ برقی کے عہدیداروں کا یہی کہنا ہے کہ اگر جلد ہی برقی بقایاجات ادا نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں مسجد کی برقی سربراہی دوبارہ منقطع کی جاسکتی ہے۔سال گذشتہ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے طویل عرصہ سے بقایاجات کی اجرائی کے فوری اقدامات کی ہدایت دی تھی اور اس بات کی تاکید کی گئی تھی کہ ماہانہ برقی بلز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ دوبارہ برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی صورتحال پیدا نہ ہو لیکن وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کا مشاہدہ کیا جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی وقف بورڈ کو اپنے زیر انتظام اداروں مساجد و درگاہوں کے امور کو بہتر بنانے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ مسجد کے امور کے نگران افراد کی جانب سے ضلع کے متعلقہ وقف بورڈ ملازمین کے علاوہ حیدرآباد میں براجمان عہدیداروں کو بھی برقی بلوں کی عدم ادائیگی کے متعلق واقف کروایا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اس مسجد کے برقی بقایاجات ادا نہیں کئے ہیں اور اب ماہ رمضان المبارک کی آمد میں محض چند یوم باقی رہ گئے ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ مسجد کا جملہ اداشدنی برقی بقایا 40ہزار539 روپئے ہے ۔م