وقف بورڈ نے پہاڑی شریف میں 12 ایکڑ اراضی میوہ کے تاجرین کو سونپ دی

   


صدر نشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں نے اکبر اویسی و دیگر کی موجودگی میں احکام حوالے کئے
حیدرآباد۔27 ۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردی ؒپہاڑی شریف کے دامن میں 12 ایکڑ موقوفہ اراضی فروٹ مرچنٹس اسوسیشن کے حوالہ کرکے احکامات حوالہ کر دیئے ۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے قائد اپوزیشن تلنگانہ جناب اکبرالدین اویسی ‘ ارکان اسمبلی کوثر محی الدین ‘ جعفر حسین معراج کے علاوہ عہدیداروں کی موجودگی میں احکامات اور حکومت سے جاری کردہ جی او کی نقول بھی حوالہ کی۔ وقف بورڈ کی جانب سے کتہ پیٹ مارکٹ سے بے دخل مسلم تاجرین کو 12ایکڑ موقوفہ اراضی کرایہ پر دے کر انہیں مارکٹ کے قیام کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ماہ ستمبر میں احکام کی اجرائی عمل میں لائی گئی لیکن ان احکام کی اجرائی کے بعد عہدیداروں کی رکاوٹوں کو دور کرکے چند یوم قبل حکومت نے موقوفہ اراضی کو فروٹ مرچنٹس کے حوالہ کرنے جی او جاری کیا تھا اور جی او کی بنیاد پر از سرنو احکام جاری کرکے وقف بورڈ نے اراضی فروٹ مرچنٹس کے حوالہ کردی ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایاکہ فروٹ مارکٹ کیلئے حوالہ اراضی کیلئے جناب اکبر الدین اویسی کی نمائندگی کی جارہی تھی اور اب فروٹ مارکٹ کے قیام کیلئے اراضی حوالہ کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر سے قریب پہاڑی شریف میں فروٹ مارکٹ کے قیام سے نہ صرف میوہ کے ٹھوک تاجرین کو فائدہ ہوگا بلکہ مارکٹ میں قائم 200 سے زائد شیڈمیں خدمات انجام دینے والوں سے 5000سے زائد خاندانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے کتہ پیٹ فروٹ مارکٹ میں سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کیلئے تاجرین کو ہٹایا گیا تھا لیکن اب شہر سے قریب انہیں موقوفہ اراضی پر کاروبار کی سہولت شہر میں ٹھیلہ بنڈی پر میوہ فروخت کرنے والوں کیلئے بھی سہولت کا باعث ہوگی اس کے علاوہ یہ وسیع و عریض اراضی جو کہ اب تک غیر مستعملہ تھی اس کا استعمال ‘ تحفظ اور وقف بورڈ کیلئے آمدنی کے آغاز کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ م
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ شہر و نواحی علاقوں میں موقوفہ اراضیات کے استعمال کے حق میں ہے اور ان اراضیات کو ترقی دینے اقدامات اور منصوبہ بندی کررہا ہے۔ہول سیل فروٹ مرچنٹ اسوسیشن کے ذمہ داروں نے وقف بور ڈ اور مجلسی ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حکومت سے اراضی کے حصول کیلئے مسلسل نمائندگیوں کے نتیجہ میں انہیں یہ اراضی حاصل ہوئی ہے۔ مامڑپلی میں 12 ایکڑ اراضی فروٹ مرچنٹس کو حوالہ کرنے احکام جاری کئے گئے ہیں جبکہ 4 ایکڑ اراضی وقف بورڈ نے ٹمریز کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جناب محمد منیر الدین جلال میاں کمپنی نے بتایا کہ وقف بورڈ سے فروٹ مارکٹ ہول سیل ایجنٹس اسوسیشن کے حوالہ کی گئی اور اسوسیشن سے مارکٹ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔م