حکومت کے گزٹ کو غیر اہم قرار دینے کی کوشش ، عدالت میں چیلنج کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔13جنوری(سیاست نیوز) ’جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے‘ کے مصداق وقف بورڈ کے گزٹ کو کئے جانے والے چیالنج کا دفاع جن کی ذمہ داری ہے وہی گزٹ کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے قابضین کی مدد کے مرتکب بن رہے ہیں۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں لیگل سیل کی کارکردگی طویل عرصہ سے مشتبہ ہے اور اب خود لیگل سیل کے عہدیداروں کی جانب سے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے وقف گزٹ کو غیر اہم اور عدالت میں چیالنج کے قابل قرار دیا جانے لگا ہے اور قابضین کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ گزٹ سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ اسے چیالنج کرتے ہوئے اس کی تنسیخ کے لئے کوشش کریں وقف بورڈ کا لیگل سیل آپ کی مدد کرے گا!تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے سال 2020 کے اواخر میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے عدالتوں میں جن اہم مقدمات میں شکست کا سامنا کیا ہے ان تمام مقدمات میں قابضین نے ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے گزٹ کو ہی چیالنج کیا تھا اور ان کے اس چیالنج کی بنیاد کی پر عدالتوں نے وقف بورڈ کے ادعا کو مستردکرتے ہوئے گزٹ کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور اب یہی طریقہ کار دیگر جائیدادوں کے معاملہ میں اختیار کیا جانے لگا ہے جو کہ وقف بورڈ کی کارکردگی پر سوال اٹھانے کا مؤجب بن رہا ہے۔ وقف بورڈ کے گزٹ کی تنسیخ کے فیصلوں کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ وقف بورڈ کے لیگل سیل کے عہدیدارعدالتوں میں ریکارڈس پیش کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور عدالت میں زیر دوراں بیشتر مقدمات میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے کاؤنٹر داخل نہ کئے جانے کے سبب عدالت میں گزٹ کو کئے جانے والے چیالنج کو عدالتیں قبول کرتے ہوئے گزٹ کو منسوخ کرنے لگی ہیں جو کہ اوقافی جائیدادوں کی تباہی کے قانونی طریقہ کے طور پر اختیار کیا جاچکا ہے۔ حکومت تلنگانہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے دعوے کررہی ہے اور صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان دیگر اراکین بورڈ کے ہمراہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں اپنی خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن سابق میں درگاہ حضرت حسین شاہ ولی ؒ ( لینکو ہلز) عاشور خانہ علی سعدؒ‘ سیف نواز جنگ‘ کے علاوہ گٹلہ بیگم پیٹ کے تحت موجود لاکھوں کروڑ کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں وقف بورڈ کی ناکامی کے طریقہ کارکو لیگل سیل کی جانب ے روایت بنایا جاچکا ہے اور کہا جا رہاہے گزٹ میں شامل جائیدادوں کے تحفظ کیلئے گزٹ کو ہی بچانے میں ناکامی کی صورت میں جائیدادوں کو نہیں بچایاجاسکتا اسی لئے گزٹ کو کئے جانے والے چیالنج اور مقدمات میں کاؤنٹر داخل کرنے سے اجتناب کیا جانا ہی اوقافی جائیدادوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کو فوری طور پر اپنے شعبہ قانون کی بہتری کے لئے اقدامات کرتے ہوئے گزٹ اور اس سے متعلق ریکارڈس کو محفوظ بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ عدالتوں میں زیر دوراں مقدمات کی یکسوئی کیلئے درکار دستاویزات کو فوری طور پر پیش کیا جاسکے۔م