حکومت کی نگرانی کا حکم منسوخ ، کیرالاہائیکورٹ کو جلد سماعت کی ہدایت
نئی دہلی۔ 21؍جولائی ( ایجنسیز) کیرالا وقف بورڈ سے جڑے ایک اہم معاملے میں سپریم کورٹ نے کیرالا ہائی کورٹ کے اس حکم کو منسوخ کر دیا ہے کہ ریاستی وقف بورڈ حکومت کے جوائنٹ سکریٹری یا ایڈیشنل سکریٹری کی براہ راست نگرانی میں کام کرے گا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جویمالیہ باغچی اور جسٹس وپل پنچولی پر مشتمل بنچ نے منگل کو یہ حکم کیرالا وقف بورڈ کی طرف سے دائر ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے جاری کیا۔ بورڈ نے ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس میں اسے دو غیر مسلم ممبروں کی غیر موجودگی میں کوئی بڑا پالیسی فیصلہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملے کی جلد سماعت اور حتمی فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت عظمیٰ نے کیرالا ہائیکورٹ کو اس تنازعہ کو تیزی سے حل کرنے کی ہدایت دی۔ یہ فیصلہ کیرالا وقف بورڈ کے کام کاج اور انتظامی خود مختاری کے لحاظ سے اہم مانا جارہا ہے۔
اس معاملے میں حتمی فیصلہ کیلئے اب سب کی نظریں کیرالا ہائی کورٹ میں ہونے والی آئندہ سماعت پر ٹکی ہوئی ہیں۔