وقف بورڈ کی کارکردگی پر درخواست گذار برہم

   

مشترکہ جدوجہد کیلئے متاثرین کی تنظیم قائم کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد۔28۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں درخواستوں کی عدم یکسوئی کا شکار افراد نے اسوسی شن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وقف بورڈ میں درخواستوں کی عدم یکسوئی کی شکایات عام ہیں۔ درخواست گذاروں نے تنظیم بناتے ہوئے مشترکہ طور پر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تولیت کی درخواست ہویا کرایہ نامہ ‘ کرایہ دار کی منتقلی ہویا جائیداد کے تحفظ کے سلسلہ میں دی گئی درخواست، عاجلانہ یکسوئی نہ ہونے سے وقف بورڈ کی کارکردگی سے نالاں افراد نے عدالت سے رجوع ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جن کی درخواستیں 3سال سے زیادہ کی مدت سے زیرالتواء ہیں ان کو اسوسی ایشن میں شامل کیا جائے گا۔ متاثرین کا کہنا ہیکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد وقف بورڈ میں جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان میں ڈیلیوری میکانزم یا ملازمین و عہدیداروں کیلئے کوئی چارٹر نہیں ہے جس کے سبب وہ درخواست گذاروں کو اذیت پہنچانے میں مصروف ہے۔نئے وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد گذشتہ 8ماہ کے دوران بھی کوئی مثبت تبدیلی نہیں دیکھی گئی ۔ صدرنشین کی موجودگی کے باوجود کئی فائیلیں کے زیر التواء ہیں۔ ملازمین کا کہناہے کہ اکزیکیٹیو آفیسر نہ ہونے کے سبب مسائل پیدا ہونے لگے ہیں ۔ بورڈ میں موجود ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب تک وقف بورڈ کے عہدیداروں وملازمین کیلئے جاب چارٹر تیار کرتے ہوئے اسے منظوری نہیں دی جاتی اس وقت تک ان میں اپنی ذمہ داریوں کے متعلق احساس جوابدہی پیدا نہیں ہوگا اور نہ ہی بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔م