حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : صدر موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ محمد عبدالعزیز نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی (تلنگانہ و آندھرا ) کی جانب سے 31 مئی ہفتہ کے دن دھرنا پارک ( اندرا پارک ) حیدرآباد پر مسلم وقف ترمیمی ایکٹ کے نفاذ کے خلاف دوپہر تین بجے تا شام پانچ بجے منعقد ہونے والے پرامن احتجاجی جلسے میں بلا تخصیص مذہب و ملت ، فرقہ و ذات ہر شہری سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی دھرنا کسی بھی سیاسی جماعت ، ذات ، فرقہ یا مذہب سے تعلق نہیں رکھتا اور کہا کہ اس احتجاج کو کسی خاص سیاسی یا مسلکی جماعت کے ساتھ جوڑنے کی کوششوں سے اجتناب کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے اے سی ( تلنگانہ و آندھرا ) میں شامل نظریاتی اختلافات کے باوجود مختلف سیاسی جماعتوں کے افراد کی شمولیت اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے برپا کی جانے والی کوششوں میں ان تمام جماعتوں کے درمیان آج بھی آپسی یکجہتی کی فضا قائم ہے ۔