وقف جائیدادوں کے تحفظ اور فروغ کا وعدہ : ریونت ریڈی

   

محمد علی شبیر کی قیادت میں صدر نشین وقف بورڈ و ارکان وغیرہ کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد 18 فبروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں وقف جائیدادوں کا تحفظ کریں گے اور انہیںفروغ دیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے مشیر حکومت برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و اقلیت محمد علی شبیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کرنے والے ایک وفد کو یہ تیقن دیا ۔ وفد میں نو منتخب صدر نشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ‘ حیدرآباد ضلع کانگریس صدر سمیر ولی اللہ ‘ وقف بورڈ ارکان مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ‘ ملک معتصم خان ‘ سید ابوالفتح بندی پاشاہ ‘ مولانا سید نثار حسین حیدر آقا ‘ زیڈ ایچ جاوید اور عائشہ مسرت خانم کے علاوہ سی ای او وقف بورڈ سید خواجہ معین الدین بھی شامل تھے ۔ اجلاس کے بعد محمد علی شبیر نے میڈیا کو بتایا کہ چیف منسٹر نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ وقف جائیدادوں سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے ‘ ان سے واقفیت حاصل کرنے تفصیلی اجلاس منعقد کرے ۔ اس اجلاس میں تمام مسائل کی نشاندہی کی جانی چاہئے اور امکانی حل پر بھی غور کیا جانا چاہئے ۔ وقف بورڈ سے کہا گیا ہے کہ وہ ان عہدیداروں اور محکمہ جات کی ایک فہرست تیار کریں جن کو ان مسائل کی یکسوئی میںشامل کیا جانا چاہئے ۔ فہرست میں محکمہ مال اور محکمہ فینانس کے علاوہ ایڈوکیٹ جنرل بھی شامل کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کا ایک تفصیلی اجلاس طلب کرتے ہوئے وقف مسائل پر غور کریں گے اور اس عمل کو جلد مکمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرتے ہوئے جن مسائل کی نشاندہی کی جائے انہیں کسی تاخیر یا رکاوٹ کے بغیر حل کیا جاسکتا ہے ۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ چیف منسٹر ریاست میں وقف جائیدادوں کے تحفظ اور انہیں فروغ دینے کے معاملے میں سنجیدہ ہیں۔ چیف منسٹر نہیںچاہتے کہ ان مسائل سے نمٹنے میں لاپرواہی والا رویہ اختیار کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اقلیتوں کو با اختیار بنانے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور ان کے ساتھ ناانصافیوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ کانگریس کے منشور میں کئے گئے وعدہ کے مطابق انہوں نے واضح کردیا کہ وقف بورڈ کو ضروری اختیارات اور مدد فراہم کی جائے گی اور فنڈز بھی دئے جائںے گے تاکہ کسی رکاوٹ کے بغیر فرائض انجام دئے جاسکیں۔