وندے بھارت کے تحت چوتھے مرحلہ میں 42 پروازوں کا شیڈول جاری

   

ریاض : (کے این واصف)۔ وندے بھارت مشن کے تحت اب تک 4000 ہندوستانی باشندوں کو سعودی عرب سے وطن پہنچایا گیا ہے۔ یہ بات سیاست نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سفیرہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے بتائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوتھے مرحلہ کی دوسری فہرست میں جملہ 42 پروازیں شیڈول کی گئی ہیں۔ یہ پروازیں دمام اور جدہ انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کریں گی۔ ڈاکٹر اوصاف نے بتایا کہ جلد ریاض سے ہندوستان کے مختلف شہروں کو جانے والی فلائیٹس کا شیڈول بھی جاری کیا جائے گا جس میں شہر حیدرآباد کیلئے بھی پروازیں شامل رہیں گی۔ میڈیا کے کچھ گوشوں میں وندے بھارت مشن کے تحت چلنے والی پروازوں کو مسافروں کی مانگ کے مطابق مہیا نہ کئے جانے کی شکایتیں سامنے آئی تھیں جس کے بعد ایمبیسی نے چارٹر فلائٹ کے حاصل کرنے کا طریقہ کار اپنی ویب سائیٹ کے ذریعہ جاری کیا تاکہ یہاں کی بڑی کمپنیاں اور سماجی تنظیمیں حسب ضرورت ہندوستان کے مختلف کیلئے چارٹر فلائٹ بک کرواسکتے ہیں۔ دوسری شکایت یہ تھی کہ ٹکٹ کی قیمتیں من مانی وصول کی جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں ایمبیسی نے وندے بھارت مشن کے تحت چلائی جانے والی پروازوں میں ملک کے مختلف شہروں کیلئے ٹکٹ کی قیمت کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے ۔