ونٹیج کار ریالی میں حیدرآباد کا شاندار ہیرٹیج نمایاں پارک ہوٹل پر 50 قدیم کاریں اور موٹر سائیکلس کا ڈسپلے

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کلاسک موٹر وہیکل اسوسی ایشن (CMVA) کی جانب سے دی پارک ہوٹلس حیدرآباد کے تعاون و اشتراک سے کل یہاں اس کا پہلا ایڈیشن ، کلاسک اینڈ ونٹیج آٹو موبائل شو منعقد کیا گیا جس میں تقریبا 50 ونٹیج کارس اور موٹر سائیکلس کا ڈسپلے کیا گیا ۔ اس ایونٹ کو کمشنر پولیس حیدرآباد کے سرینواس ریڈی نے جھنڈی دکھائی ۔ ونٹیج کارس کو حسین ساگر اور سکریٹریٹ کے اطراف چلایا گیا اور بعد میں انہیں پارک ہوٹل پر ڈسپلے کے لیے رکھا گیا ۔ کلاسک موٹر وہیکل اسوسی ایشن کے صدر بی ششی دھر نے بتایا کہ اس میں رکھی گئی سب سے قدیم کار 1932 کی آسٹین اور سب سے پرانی موٹر سائیکل 1932 جیمس ہے ۔ اس شو کی شواسٹاپر انتہائی قیمتی کار آٹھ سیلنڈر ڈاڈج کسٹم رائل تھی جسے اس کے مالک ہریت تریویدی نے ممبئی سے خرید کر لایا تھا ۔ مسٹر ششی دھر نے کہا کہ ’ ایک وقت میں حیدرآباد میں ہندوستان کی بہترین اور قیمتی گاڑیاں تھیں ۔ نظام حیدرآباد کے پاس 15 رولس رائس گاڑیاں تھیں جو ملکہ انگلستان کے پاس بھی نہیں تھیں ۔ فی الوقت ان رولس رائس گاڑیوں کا موقف کیا ہے معلوم نہیں ہے ۔ تاہم کوئی چومحلہ پیالیس میں اسے دیکھ سکتا ہوگا پھر بھی مجھے یقین نہیں کہ وہ وہی ہے ۔ حیدرآباد میں ایک ہزار سے زائد ونٹیج کارس ہیں ۔ ان میں بعض اسپیر پارٹس کی عدم دستیابی کے باعث راج گھرانوں میں ٹہری ہوئی ہیں ۔ اس شو میں مختلف قدیم کارس کا ڈسپلے کیا گیا ۔ اس موقع پر اجیت سنگھ گرچا ، ایریا جنرل منیجر پارک ہوٹلس کی جانب سے سی ایم وی اے کے ممبرس اور کار اونرس کو تہنیت پیش کی گئی ۔۔