ونیزویلامیں روسی کردار امریکہ کیلئے ناقابل برداشت :وزیر خارجہ مائیک پومپئیو

   

واشنگٹن ۔26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ امریکہ مائیک پومپئیو نے روس کو پیر کے دن انتباہ دیا کہ امریکہ ماسکو کی جانب سے اپنی فوج ونیزویلا میں تعینات کرنے پر اور صدر ونیزویلا نکولس مادورو کی تائید و حمایت پر خاموش تماشائی بنا نہیں رہے گا اور روس کی ونیزویلا میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے فون پر وزیر خارجہ روس سرجی لاؤرف سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ امریکہ پومپیو نے روسی فوج کی موجودگی سیاسی بحران زدہ ونیزویلا میں اضافہ پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ پومپیو نے کہاکہ امریکہ اور علاقائی ممالک روس کی جانب سے کشیدگی میںاضافہ پر خاموش نہیں رہیں گے اور ونیزویلا میں روسی مداخلت سے کشیدگی میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ صدر مادورو کی تائید میں مزید روسی فوج کی تعیناتی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔