ووٹر رجسٹریشن ،تبدیلی اورتصحیح ، آج آخری موقع

   

تصدیقی سند کے بعد ہی فہرست رائے دہندگان سے نام حذف کرنے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت

پداپلی۔7 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے آج اپنے جاری کردہ صحافتی بیان میں اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال مکمل کرنے والے ہر شہری کو فہرست رائے دہندگان میں اپنا نام درج کروانا چاہئے۔8 ڈسمبر2022 تک ووٹر رجسٹریشن، تبدیلی و تصحیح کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ تفصیلات بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی مسودہ فہرست کے اعتراضات ، نئے رائے دہندوں کے اندراج سے متعلقہ درخواستیں 8ڈسمبر تک بذریعہ آن لائن یا آف لائن طرز پر تمام پولنگ مراکز کے حدود میں بوتھ لیول افسران کو دی جاسکتی ہیں۔ نئے رائے دہندوں سے متعلقہ درخواستوں کو 26 ڈسمبر کے اندر حل کرتے ہوئے 5جنوری2023 کو رائے دہندگان کی قطعی فہرست جاری کی جائیگی۔ فہرست رائے دہندگان سے ناموں کے حذف کے دوران احتیاط سے کام لینے، فہرست سے کسی رائے دہندے کا نام حذف کرنے سے پہلے اس رائے دہندے کے خاندان کے کسی فرد سے فارم -7 پر دستخط لینے، ساتھ ہی ساتھ ایک علاقے سے کسی دوسرے علاقے کو منتقل ہونے والے رائے دہندوں کے ناموں کے حذف کے معاملہ میں لازمی طور پر تصدیقی سند کی موجودگی میں ہی نام حذف کرنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ فارم 6 نئے رائے دہندوں کے اندراج کیلئے فارم 7 فہرست رائے دہندگان سے ناموں کے حذف کیلئے جس کیساتھ ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا، فارم 8 کے ذریعہ موجودہ فہرست رائے دہندگان میں ترمیم کیلئے فارم 6بی ووٹر آئی ڈی کارڈ سے آدھار منسلک کرنے کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ طلباء اپنے درخواست فارم آن لائن یا آف لائن طرز پر ویب سائٹ www.nvsp.in کے ذریعہ ، ووٹر ہیلپ لائن موبائیل ایپ کے ذریعہ داخل کرسکتے ہیں۔