سنگاریڈی میں SIR کے موضوع پر بیداری اجلاس، ڈاکٹر شیخ محمد عثمان اور دیگر کا خطاب، منظم حکمت عملی پر زور
سنگا ریڈی۔ 10 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی میں اے پی سی آر کے تعاون سے ملی فورم کے زیرِ اہتمام اسلامک سنٹر میں ایس آئی آر کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹر شیخ محمد عثمان جنرل سکرٹری اے پی سی آر تلنگانہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ووٹر رجسٹریشن کی اہمیت پر زور دیا اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2002 کی ایس آئی آر ووٹر لسٹ کے رائے دہندگان کو 2025 کی لسٹ سے جوڑتے ہوئے بی ایل او میاپنگ کر رہے ہیں۔ ہمیں 2002 لسٹ میں اپنا نام اور موجودہ ووٹر کارڈ بتانا ہے جبکہ دیگر صورتوں میں متعلقہ دستاویزات پیش کر کے بھی رجسٹریشن ممکن ہے۔ڈاکٹر عثمان نے شہریوں کی درست شناخت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 18 سال مکمل کرنے والے یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد فوری طور پر اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں۔ نوجوانوں کو بھی تلقین کی کہ وہ 18 سال مکمل ہوتے ہی اپنی رجسٹریشن کروا کر ووٹر شناختی کارڈ حاصل کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی آر ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، جس میں عوام کی فعال شرکت نہایت ضروری ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایس آئی آر اور میاپنگ کے طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ منظم حکمت عملی اور درست معلومات کے ذریعے اس عمل کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہر وارڈ میں بی ایل او کی آمد کے بعد مقامی قائدین عوام کی رہنمائی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جا سکیں۔ عوامی بیداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے شعور اجاگر کرنا بے حد ضروری ہے۔اجلاس کے دوران شرکاء کو موضوع سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی گئیں اور مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اکرام الحق اے پی سی آر کوآرڈنیٹر ، شفیع الرحمن صدر ملی فورم، محمد مختار حسین جنرل سیکرٹری ملی فورم سنگا ریڈی ، محمد نواز رکن بلدیہ ، محمد انور رکن بلدیہ، منان اے پی سی ار، مولانا کریم الدین شاہ غوثوی ، مولانا قمر الدین ، حافظ واجد ، حافظ شیخ مبین اور دیگر موجود تھے۔