ووٹ چوری معاملہ پر دیہی سطح تک شعور بیداری کی ہدایت

   

مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ میناکشی نٹراجن کا زوم اجلاس، تنظیمی استحکام پر توجہ کا مشورہ

حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ میں اے آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ پروگراموں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین سے کہاکہ راہول گاندھی نے قومی سطح پر ووٹ چوری کے جس معاملہ کو بے نقاب کیا ہے اُسے عوام تک پہنچانا قائدین کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو اِس بات سے واقف کرایا جائے کہ مرکزی حکومت نے الیکشن کمیشن کی مدد سے کس طرح ووٹ چوری کو انجام دیتے ہوئے عوام کے جمہوری حقوق کو سلب کردیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بنیادی سطح پر ووٹ چوری معاملہ میں عوامی دستخطی مہم کو تیز کیا جائے تاکہ عوامی دستخطوں کے ساتھ الیکشن کمیشن کو یادداشت پیش کی جاسکے۔ اُنھوں نے 15 اکٹوبر تک ہر دیہات میں دستخطی مہم مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ لاکھوں درخواستوں کے ساتھ یادداشتوں کو اے آئی سی سی دفتر نئی دہلی روانہ کیا گیا۔ ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم جاری ہے۔ اُنھوں نے قائدین سے کہاکہ وہ مختلف پروگراموں کے ذریعہ عوام کو ووٹ چوری کے حقائق سے واقف کرائیں۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ پارٹی کی ڈیجیٹل رکنیت سازی میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی اور امیت شاہ نے الیکشن کمیشن کی مدد سے ووٹ چوری کرتے ہوئے نہ صرف مرکز بلکہ کئی ریاستوں میں اقتدار حاصل کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ووٹ چوری کے خلاف شعور بیداری کے جو پروگرام شروع کئے ہیں اُن میں عوام کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ زوم اجلاس میں ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ ضلع کانگریس صدور، ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے قائدین سے کہاکہ وہ پارٹی کے تنظیمی استحکام پر توجہ مرکوز کریں اور کارکنوں کو مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے تیار کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچاتے ہوئے مجالس مقامی کے چناؤ میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔1