ووٹ چوری کے خلاف 25 اکٹوبر تا 25 نومبر ملک گیر مہم ‘ کانگریس کا اعلان

,

   

یکم نومبر کو دہلی میں بڑی ریلی کا انعقاد ۔ انڈیا اتحاد کے قائدین کو مدعو کیا جائیگا ۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلے
نئی دہلی، 5 اکتوبر (یواین آئی) کانگریس نے ‘ووٹ چوری’ کے خلاف 25 اکتوبر تا 25 نومبر ملک گیر ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ مہم چلانے ، ووٹر لسٹ سے حذف ناموں کی معلومات جمع کرکے انہیں بحال کرانے گھر گھر رابطہ اور یکم نومبر کو دہلی میں بڑی ریلی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال و شعبہ مواصلات انچارج جے رام رمیش نے اندرا بھون میں پارٹی جنرل سکریٹریز، انچارجز و کانگریس صدور کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی و مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا ۔ میٹنگ ڈھائی گھنٹے جاری رہی۔ قائدین نے بتایا کہ 8 اکتوبر تک ضلعی سطح پر مظاہرے کرکے ‘سیف ڈیموکریسی مارچ’ کے ذریعے ‘ووٹ چوری’ مسئلہ کو اٹھایا جائے گا۔ 8 اکتوبر کو ضلعی سطح پر مظاہرہ ہوگا، جس کے بعد 10 سے 20 اکتوبر تک مظاہرے بلاک سطح پر کئے جائیں گے ۔ اس دوران کانگریس کارکن اور بڑے رہنما بلاک سطح پر مارچ کریں گے اور سائیکل یاترائیں نکالی جائیں گی۔ نوراتری کے دوران پارٹی کارکن تقاریب میں پمفلٹ تقسیم کرکے عوام کو آگاہ کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ 25 اکتوبر سے 25 نومبر تک ملک بھر میں ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ مہم چلائی جائے گی۔ اس دوران کانگریس کارکن ووٹر لسٹ سے حذف افراد کے گھروں پر جا کر ان کے ناموں کی معلومات جمع کریں گے اور انہیں دوبارہ ووٹر فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کریں گے ۔ یکم نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں بڑی ریلی منعقد کی جائے گی، جس میں انڈیا اتحاد کی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ یومِ آئین کے موقع پر 25 اور 26 نومبر کو ‘دہلی چلو’ یاترا اور ‘ملک بچاؤ، ووٹ بچاؤ’ ریلی کے ذریعے عوام سے دہلی پہنچنے کی اپیل کی جائیگی ۔ اس دوران حذف کیے گئے ووٹروں کے نام بحال کرانے کے مطالبہ کو نمایاں اٹھایا جائے گا۔مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ ملکارجن کھرگے اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے پارٹی رہنماؤں کو ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ مہم میں جارحانہ اور مسلسل ملک گیر مہم چلانے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدہ سے نہیں ہٹایا جاتا اور انتخابی نظام میں اصلاحات نہیں کی جاتیں۔انہوں نے کہا کہ کسی شخص کا حقِ رائے دہی غیر قانونی طریقے سے چھیننا ملک دشمن فعل ہے اور گیانیش کمار نے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے ایسا کیا ہے ۔ انہوں نے اسے غداری قرار دیا ۔