منوگوڑ میں کانگریس کی بوتھ سطح پر انتخابی مہم، اتم کمار ریڈی کا کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد۔/28 ستمبر،( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی منوگوڑ میں رائے دہندوں کو دولت اور شراب کا لالچ دے کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج حضور نگر میں کانگریس لیڈر آنجہانی چنا ملیا کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی پر ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے غیر جمہوری راستے اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بوتھ سطح پر انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ اتم کمار ریڈی چوٹ اپل منڈل کے انچارج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین اور ورکرس گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کررہے ہیں۔ کئی رائے دہندوں نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے دولت اور شراب کی پیشکش کی شکایت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دونوں پارٹیاں دولت اور شراب کے استعمال کی سیاست میں مہارت رکھتی ہیں۔ 2018 میں منوگوڑ میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی لیکن رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ کانگریس نے سابق وزیر آنجہانی پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شراونتی کو امیدوار بنایا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے انحراف کے ماہر ہیں اور انہوں نے 2014 سے کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی اور کونسل کو بڑی تعداد میں ٹی آر ایس میں شامل کیا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں بی جے پی اسی مہم پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی انتخابی مہم کے دوران ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ناکامیوں کو بے نقاب کرے گی۔ر