وٹرنری یونیورسٹی میں غیر مقامی امیدواروں کے تقررات: ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے یونیورسٹیز کے تقررات میں مقامی طلبہ کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بیروزگار نوجوانوں کے خواب ادھورے ہوچکے ہیں۔ روزگار کا لالچ دے کر نوجوانوں کو تلنگانہ تحریک میں شامل کیا گیا تھا لیکن گزشتہ 7 برسوں میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لئے کوئی سنجیدہ مساعی نہیں کی گئی ۔ پی وی نرسمہا وٹرنری یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیدادوں پر غیر مقامی امیدواروں کا تقرر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کے برادر نسبتی کو یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقررات عمل میں لائے گئے ۔ انہوں نے وٹرنری یونیورسٹی کے تمام تقررات منسوخ کرنے اور از سر نو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی میں سیکوریٹی خدمات فراہم کرنے والی ایجنسی سے معاہدہ ختم کرتے ہوئے رکن کونسل مدھوسدن چاری کے فرزند کی ایجنسی کو سیکوریٹی کی ذمہ داری دی گئی۔ آؤٹ سورسنگ پنچایت راج سکریٹریز کے تقررات میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں کی گئیں۔ ر