کشتی میں 32 ہندوستانیوں سمیت جملہ 36 افراد سوار تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور قائد اپوزیشن راہول گاندھی کا اظہار افسوس
ہنوئی 11 جولائی ( ایجنسیز ) ویتنام کے پھو کیوک جزیرہ میں ایک کشتی غرق ہوجانے کے نتیجہ میں کم از کم 15 ہندوستانی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں 13 مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔ یہ کشتی 36 افراد کو لی جا رہی تھی کہ سمندر میں لہروں کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس حادثہ کے بعد جملہ 21 افراد کو بچالیا گیا ہے اور انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ دو افراد شدحد زخمی پائے گئے ہیں۔ سرکاری میڈیا نے یہ بات بتائی ۔ ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے خصوصی کنٹرول رومس قائم کئے گئے ہیں تاکہ متاثرہ ہندوستانیوں کی مدد کی جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ مقامی معیار وقت کے مطابق 1 بجے دن یہ واقعہ پیش آیا ۔ اس کشتی میں سفر کرنے والے تقریبا سیاح تھے ۔ جملہ 36 افراد کشتی میںسوار تھے جن میں 32 ہندوستانی بتائے گئے ہیں۔ تین عملہ کے ارکان اور ایک اٹنڈنٹ تھا ۔ مقامی میڈیا نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک جزیرہ سے یہ کشتی تھوئی پورٹ جانے کیلئے روانہ ہوئی تھی اور کچھ ہی دیر میں حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ سمندر میں اس وقت تلاطم پیدا ہوگیا تھا اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ تمام مسافرین اور عملہ کے ارکان پانی میں گر گئے تھے ۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے اس واقعہ کے تعلق سے سوشیل میڈیا پر اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی ہندوستانی سیاحوں کو لیجانے والی ایک کشتی پھو کیوک جزیرہ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی ہے ۔ واقعہ کی حقیقی تفصیلات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مقامی حکام کی جانب سے راحت و امدادی کام شروع کردئے گئے ہیں۔ سفارتخانہ نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے چی منہہ شہر میں ہندوستانی قونصل خانہ کی جانب سے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ہنوئی میں بھی ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ ہندوستانی سفیر متعینہ ویتنام بھی سفارتخانہ کے عہدیداروں کے ساتھ مقام واقعہ کیلئے روانہ ہوگئے ہیں اور ویتنامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کو پیش آئے حادثہ پر انہیں صدمہ ہوا ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے بھی اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت و وزارت خارجہ سے اپیل کی کہ وہ ویتنامی حکام کے ساتھ رابطے کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ راہول گاندھی نے بھی غمزدہ افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔