غیر متعلقہ کام تفویض کرنے پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال
حیدرآباد۔9 ستمبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں جاری ویلیج ریوینیو آفیسرس کی ہڑتال کے سبب ریاست کے کئی حلقہ جات اسمبلی اور منڈلوں میں شہریو ںکو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ویلیج ریوینیو اسسٹنٹ اور وی آر اوز نے انہیں غیر متعلقہ کام تفویض کئے جانے کے خلاف متعدد نمائندگیوں کے بعد غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی ہے اور اس ہڑتال کے نتیجہ میں کئی مسائل کا سامنا شہریوں کو کرنا پڑرہا ہے۔ریاست کے بیشتر منڈل دفاتر سے جاری کئے جانے والے اسنادات کی تحقیق کے لئے وی آر اوز اور وی آر ایز کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور ان کے ہڑتال پر ہونے کے باعث حالات انتہائی ابتر ہونے لگے ہیں۔دونوں شہرو ں کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں تحصیلدار دفاتر میں داخل کی گئی صداقتنامۂ آمدنی ‘ صداقتنامۂ رہائش‘کاسٹ سرٹیفیکیٹ اوردیگر سرٹیفیکیٹس کی اجرائی میں تاخیر ہونے لگی ہے علاوہ ازیں کلیان لکشمی اور شادی مبارک کی درخواستیں بھی عرصہ دراز سے زیر التواء ہیں کیونکہ تحصیلداروں کے دفاتر میں ان وی آر ایز اور وی آر اوز کے ذریعہ ہی ان درخواستوں کی تحقیق و تنقیح کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔درخواست گذاروں کے مطابق ان کی درخواستیں جو کہ تحصیلدار یا آرڈی او کے دفاتر میں زیر التواء ہیں ان کے متعلق تفصیلات جاننے کی کوشش پر کہا جا رہاہے کہ عہدیداروں اور ملازمین کی قلت کے سبب ان کی درخواستوں کی تنقیح کا عمل مکمل نہیں ہوپایا ہے اور انہیں مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔وی آر او جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کا کہناہے حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کو حل کرنے یا ان کے مطالبات کی یکسوئی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں بلکہ وی آراوز کو اعلیٰ عہدیداروں کے گھروں میں آرڈرلی ‘ ڈرائیور یا باورچی خانہ میں خدمات انجام دینے پر مجبور کیا جا رہاہے اسی لئے وہ ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں ۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تحصیل دفاتر میں زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں ضلعی اساس پر اقدامات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے اور وی آر اوز اور وی آرایز کی ہڑتال کے سبب پیداشدہ عملہ کی قلت کو دور کرنے کے لئے متبادل انتظامات کئے جا رہے ہیں لیکن تنقیح کے کاموں سے ناواقف عملہ کے سبب درخواستوں کی یکسوئی نہیں ہوپارہی ہے اس کے باوجود کوششیں جاری ہیں۔م