فی کس پانچ لاکھ روپئے کا اعلان، فرزند اور دختر نے بھی امدادی رقم کا اعلان کیا
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے تلگو ریاستوں میں بارش اور سیلاب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے متاثرین کی مدد کیلئے اپنے پنشن سے دونوں ریاستوں کے لئے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے اپنے فرزند اور دختر کی جانب سے بھی متاثرین کی امداد کے لئے عطیات کا اعلان کیا۔ وینکیا نائیڈو نے اپنے پنشن کی رقم سے آندھراپردیش اور تلنگانہ کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وینکیا نائیڈو کے فرزند اور دختر نے دونوں تلگو ریاستوں کیلئے فی کس ڈھائی لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے بارش کی تباہ کاریوں پر دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں دونوں ریاستوں میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ وینکیا نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر بات چیت کی اور تلگو ریاستوں میں تباہی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے دونوں ریاستوں کی فراخدلانہ مدد کرنے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے وینکیا نائیڈو کو بتایا کہ انہوں نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس سے بات چیت کی ہے اور مرکزی حکومت کے عہدیدار ریاستوں کے انتظامیہ سے ربط میں ہیں۔ وینکیا نائیڈو کے مطابق وزیراعظم نے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ سابق نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے عوام سے اپنی وابستگی اور ہمدردی کے جذبہ کے تحت پنشن کی رقم سے انہوں نے فی کس پانچ لاکھ روپئے امدادی رقم کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ تلگو عوام کے مشکل وقت میں امداد کی فراہمی میں اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں ۔ وینکیا نائیڈو کے فرزند ہرش وردھن نے اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے لئے فی کس ڈھائی لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ وینکیا نائیڈو کی دختر دیپا وینکٹ نے سورنا بھارت ٹرسٹ سے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں فی کس ڈھائی لاکھ روپئے کا اعلان کیا ہے۔ 1