حیدرآباد ۔12 جنوری (سیاست نیوز) اومی کرون کے مریضوں میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ویپرو نے آئندہ 4ہفتوں کے لئے دنیا بھر میں موجود اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کمپنی کے دفاتر کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ویپرو کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر تھیری ڈیلاپورٹ نے آج اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ملازمین کو گھر سے کام کاج کی اجازت فراہم کرتے ہوئے دفاتر کو 4 ہفتوں کے لئے بن دکردیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 ہفتوں کے دوران دنیا بھر کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی ان کی کمپنی دفاتر سے کام کاج کے احیاء کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرے گی۔ تھیری ڈیلاپورٹ نے ویپرو کی جانب سے کئے گئے اقدام کو گہما گہمی سے ملازمین کو محفوظ رکھنے کی کوشش اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے سلسلہ میں اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں ان کی کمپنی کے دفاتر موجود ہیں ان تمام دفاتر میں خدمات انجام دینے والے ملازمین پر ان احکامات کا اطلاق ہوگا۔ویپرو کے علاوہ دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی دنیا بھر میں اپنے ملازمین کو اس با ت کا اختیار دیا جانے لگا ہے کہ اگر وہ دفتر کے ماحول میں کام نہیں کرنا چاہتے ہیں تو وہ گھر سے کام کاج کا دوبارہ آغاز کرسکتے ہیں۔ آئی ٹی کمپنیوں کی جانب سے گھر سے کام کاج کی سہولت میں توسیع کے اقدامات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ ویپرو کے علاوہ کئی سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے جلد ہی گھر سے کام کاج کا دوبارہ آغاز کیا جاسکتا ہے اور دنیا بھر میں موجود ان کے دفاتر کو بند کرنے کا فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔م